بالی وڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے دنگل فلم میں اداکاری کرنے والی زائرہ
وسیم کے فیس بک پر معافی مانگنے کے بعد اس کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ زائرہ
کے جموں کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کرنے پر انہیں سوشل
میڈیا میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ میڈیا کو بیان جاری کرکے عامر نے کہا کہ
زائرہ ان کے لئے مثالی شخصیت ہیں اور ان کے جیسے لائق اور محنتی بچے نہ صرف
ہندوستان بلکہ دنیا بھر کے بچوں کے لئے مثال ہیں۔ زائرہ نے دنگل میں گیتا
پھوگاٹ کا کردار ادا کیا تھا جبکہ عامر اس کے باپ بنے ہوئے تھے۔ عامر نے
کہا میں نے زائرہ کا بیان پڑھا ہے اور میں سمجھ سکتا ہوں کہ انہیں
کیوں ایسا کرنا پڑا۔
زائرہ میں چاہتا ہوں کہ تم جانو کہ ہم سب تمہارے ساتھ
ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ تم جیسی ذہین نوجوان لائق، محنتی، قابل احترام اور
بہادر بچے تمام بچوں کے لئے مثالی کردار ہیں ، نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری
دنیا کے لئے۔ تم میرے لئے ایک رول ماڈل ہو۔ میں تمہارے لئے دعا گو ہوں۔
عامر۔ زائرہ نے محبوبہ مفتی سے ملاقات کی اپنی تصاویر فیس بک پر ڈال دی تھیں، جس
کے لئے انہیں ہدف ملامت بنایا گیا اور بے حد نکتہ چینی کی گئی، دھمکیاں بھی
دی گئیں جس کے بعد انہوں نے معافی مانگ لی۔ فیس بک پر معافی سامنے آنے سے
سب کو دھکا لگا ہے۔ صاف ظاہر ہے کہ انہیں مجبور ہوکر محبوبہ مفتی سے ملاقات
کے لئے معافی مانگنی پڑی ہے۔